Learn Urdu in easy way




پہلے ہمارے بچے انگریزی میں فیل ہوتے تھے ‘ آجکل اُردو میں ہوجاتے ہیں‘ اس کی ایک وجہ اُردو کی مشکلات بھی ہیں‘ میں سمجھتا ہوں کہ اُردو کو اگر مزید آسان کر دیا جائے تو نہ صرف بچوں کے فیل ہونے کی شرح کم ہوجائے گی بلکہ اُن کی اُردو میں دلچسپی بھی بڑھ جائے گی‘ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اگر چاہے تو بھاری معاوضے پر میری خدمات ’’فی سبیل اللہ‘‘ حاصل کر سکتا ہے۔
ہمارے بچے اُردو کے محاورات میں بڑا پھنستے ہیں لہٰذا میں نے سب سے پہلا کام یہ کیا ہے کہ محاوروں کو نہایت ہی آسان کر دیا ہے‘ جو سٹوڈنٹ اردو میں فیل ہونے کی ہیٹرک کر چکے ہیں وہ چاہیں تو اِن محاورات سے استفادہ کرکے اپنی میٹرک کی سیٹ مستقل کروا سکتے ہیں۔آئیے کلاس شروع کرتے ہیں!
*ہاتھ صاف کرنا
رفیق ہمیشہ کھانے کے بعد اپنے ہاتھ صاف کرتا ہے ۔
*ہاتھ پیلے کرنا
ثریا نے کھانے میں ہلدی ڈالی تو اس کے ہاتھ پیلے ہو گئے۔
*بال بال بچنا
حجام نے قینچی اٹھائی ہی تھی کہ بجلی چلی گئی ….. اور یوں اسلم کے بال بال بچ گئے ۔
*آنکھوں میں خون اترنا
جمیل کی آنکھوں میں پتھر لگنے سے اس کی آنکھوں میں خون اُترآ یا۔
*بھائی چارہ
تنویر نے چارے والے کی دُکان پر جا کر کہا ’’بھائی چارہ تو دے دو‘‘
*آب آب ہونا
میرا چھوٹا بھائی اکثر رات کو آب آب ہو جاتا ہے ۔
الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے
جب کوتوال نے چور کو اُلٹا لٹکا دیا تو اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹنے لگا ۔
موسلا دھار
پولیس کو دیکھتے ہی چور موسلا دھار دوڑنے لگا ۔
دال میں کالا
کالی مرچ کو دیکھتے ہی جنید چیخا ….. امی! دال میں کچھ کالا ہے ۔
*گھر کی مرغی دال برابر
نسیم کے گھر کی مرغی دال برابر رکھی ہوئی ہوتی ہے ۔
*اپنا الو سیدھا کرنا
جمیل کا اُلو الٹا ہوگیا تو اس نے فوراًاپنا الو سیدھا کر لیا۔
*سیدھے منہ بات نہ کرنا
جب سے نعیم کو لقوہ ہوا ہے ، وہ کسی سے سیدھے منہ بات نہیں کرتا ۔
*نام روشن کرنا
ریاض نے انرجی سیور پر اپنا نام لکھ کر روشن کردیا۔
*الٹے پاؤں بھاگنا
مولوی صاحب کو دیکھتے ہی چڑیل نے الٹے پاؤں بھاگنا شروع کر دیا۔
*سر پر سوار کرنا
باپ نے بچے کو خوش کرنے کے لئے اپنے سر پر سوار کر لیا ۔
اپنے گریبان میں جھانکنا
نذیر نے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھا تو اس کی بنیان پھٹی ہوئی تھی ۔
*آناً فاناً
عرفان آناً فاناً پیدا ہوگیا تھا۔
*قصہ تمام کرنا
جب دادا ابو کو نیند آنے لگی تو انہوں نے بچوں سے معذرت کی اور اپنا قصہ تمام کر دیا ۔
*خون کے گھونٹ پینا
ڈریکولا ہمیشہ خون کے گھونٹ پیتا ہے ۔
*باغ باغ ہونا
لمبی لمبی چھوڑنا
اشتیاق چھوٹی چھوٹی پتنگیں پکڑ لیتا ہے اور لمبی لمبی چھوڑ دیتا ہے ۔۔۔
*آنتیں قل ہو اللہ پڑھنا
جاوید اتنا نیک ہے کہ اس کی آنتیں بھی قل ہو اللہ پڑھتی ہیں۔